صوابی،ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کیساتھ مقابلے،4 دہشتگرد ہلاک

Jan 31, 2023


صوابی‘ ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگاران) صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو مقابلوں میں 4 شرپسند مارے گئے۔ تفصیل کے مطابق ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صوابی کے علاقے ہنڈ میں پیر کی علی الصبح خفیہ ذرائع سے شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر ڈی پی او صوابی کیپٹن (ر) نجم الحسنین کی زیر قیادت بھاری نفری ضلعی پولیس نے حسب اطلاع موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔ اس دوران شرپسندوں کو بذریعہ لاﺅڈ سپیکر سرنڈر ہونے کا کہا گیا تاہم انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کھول دی جبکہ پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ آپریشن کے نتیجے میں ایک شرپسند کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو دہشت گردوں نے مقابلے کی تاب نہ رکھتے ہوئے زخمی حالت میں خود کو ہینڈ گرینیڈ سے اُڑا دیا، آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا جبکہ اس دوران پولیس محفوظ رہی۔ ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا۔ واقعہ کے بعد ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ جبکہ جگہ جگہ سخت چیکنگ جاری ہیں۔ دوسری طرف ڈیرہ اسماعیل خان تحصیل کلاچی کے علاقہ لونی میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین مقابلے کے بعد دو دہشتگرد مارے گئے۔ بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ مارے گئے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کو متعدد واقعات میں مطلوب تھے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقہ لونی میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی‘ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے دوران 2دہشتگرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
مقابلے/ 4 دہشتگرد ہلاک

مزیدخبریں