کراچی (اسٹاف رپورٹر)سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث زیر حراست ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے چار فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر ملیر جیل بھیج دیا۔فاضل عدالت نے ایف آئی اے کو مذکورہ ملزم کے خلاف عبوری چالان چار فروری کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث بلدیہ ٹائون کراچی سے تعلق رکھے والے ایک ملزم کو گزشتہ روز سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر اعجاز علی چانگ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی کے تفتیشی افسر وزیر احمد بھٹو نے مذکورہ ملزم کو فاضل عدالت کے روبرو پیش کیا۔اس موقع پر مدعی مقدمہ حافظ احتشام احمد،جنرل سیکریٹری تحریک تحفظ ناموس رسالت ^ پاکستان،علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی،صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت پاکستان اور دیگر بھی عدالت میں موجود تھے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ملزم سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔لہذا مذکورہ ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔مدعی مقدمہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے موبائل نمبر کی سی ڈی آر ابھی تک ریکارڈ پر نہیں آئی۔سی ڈی آر ریکارڈ پر آنے کے بعد اگر ملزم سے مزید تفتیش یا کسی چیز کی برآمدگی کی ضرورت ہوئی تو مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا ٹرائل کورٹ سے کریں گے۔بعدازاں فاضل جوڈیشل مجسٹریٹ نے مذکورہ ملزم کو چار فروری تک کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر ملیر جیل بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف آئی اے کو مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمے کا عبوری چالان آئندہ تاریخ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔