تیل و گیس کمپنی کی جانب سے بنیادی سہولیات نہ دینے کیخلاف  دھرنا

Jan 31, 2023

کوٹری(نامہ نگار)جامشورو کے تاریخی مقام بڈو جبل پہاڑ پر تیل و گیس کمپنی کی جانب سے مقامی افراد کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر  علاقہ مکین سراپا احتجاج،کمپنی کے  گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا۔  سابق وفاقی وزیر سردار یارمحمد رند بھی دھرنے میں شریک ہوئے ، مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں دھرنا جاری رکھنے اور انڈس ہائی وے بلاک کرنے کا اعلان،وفاقی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو کے تاریخی مقام بڈو جبل پہاڑ پر پرائم پاکستان تیل و گیس کمپنی کی جانب سے مقامی افراد کو بنیادی سہولیات نہ دینے کے خلاف رہائشیوں نے فیض محمد گائینچو، ارباب گائینچو، سونو خان گائینچو، رسول بخش گائینچو ودیگر کی قیادت میں کمپنی کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ دھرنے میں سابق وفاقی وزیر و رکن بلوچستان اسمبلی سردار یارمحمد رند بھی مقامی افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شریک ہوئے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سردار یارمحمد رند نے کہا کہ تیل و گیس کمپنی بڈو جبل پہاڑ پر مقامی افراد کو بنیادی حقوق دینے میں ناکام ہے، حق مانگنے پر پولیس و رینجرز بلاکر کمپنی انتظامیہ مقامی افراد کو حراساں کرتی ہے جس کی مذمت کرتا ہوں۔ بڈو جبل پہاڑ پر تیل و گیس کے 9 کنویں ہیں جہاں سے کروڑوں کی مالیت کے تیل و گیس نکالی جارہی ہے مگر اس کے باوجود بھی مقامی رہائشی بھوک و بدحالی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ رہائشی صحت، تعلیم، روزگار، پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، زمینوں کی رائلٹی کے حقوق بھی نہیں مل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی انتظامیہ نے صحت مراکز بند کرادیئے ہیں، اپنا حق مانگنے پر مقامی افراد کو حراساں کیا جارہا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے۔ ڈی جی رینجرز سندھ کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت مقامی افراد کے احتجاج کا نوٹس لیکر مقامی افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں