نواب شاہ (بیورو رپورٹ ) نواب شاہ کے گنجان آباد علاقوں اور گلی محلوں میں کھلے عام گٹکا اور مین پوری کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں نوجوان نسل منشیات کی عادی ہوتی جارہی ہے جبکہ منشیات روکنے میں پولیس اور دیگر ادارے مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔اس سلسلے میں غریب آباد، منوآباد،مریم روڈ ،حسینی روڈ ، سانگھڑ روڈ اور دیگر گنجان آباد علاقوںمیں گٹکا اور مین پوری کی فروخت ہورہی ہے ایک جانب ایس ایس پی کے نوٹس لینے پر مختلف پولیس اسٹیشن کے افسران کی جانب سے چند افراد کو گرفتار کرکے ان پر مقدمات تو درج کرلئے جاتے ہیں مگر تاحال منشیات کی خرید فروخت کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں نوجوانوں کے بڑی تعدا د گٹکے اور مین پوری کی عادی ہوتی جارہی ہے تو وہی گٹکے اور مین پوری کا استعمال کرنے والے افراد کینسر اور دیگر موذی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔اس سلسلے میں شہری و سماجی حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے گلی محلوں میں کھلے عام فروخت ہونے والے گٹکے اور مین پوری کی فروخت فوری روکی جائے ۔نواب شاہ+محراب پور + کنری (بیورو رپورٹ + نامہ نگاران) قاضی احمد سے منظورآباد جانے والے رکشہ اور ٹرک کے درمیان خوفناک حادثہ چار افراد موقع پر ہلاک تین زخمی ہوگئے۔رکشہ میں سوار قاضی احمد کے علاقے ڈیران کے رہائشی ماجھونا برادری کی فیملی کے افراد تقریب میں شرکت کے لئے مانجھند جارہے تھے کہ سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے رکشہ کو زوردار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار چار افراد حادثے کے نتیجے میں 50 سالا علی اکبر ماجوٹھو اور 20 سالا عصما ماجوٹھو اور دو بچے ہلاک جبکہ غلام مصطفی، جنید، بیلا، وڈیری اور عنایت شامل ہیںشدید زخمی ہوگئے لاشوں اور زخمیوں کو مانجھند اسپتال منتقل کیا گیا جابحق اور زخمیوں کا تعلق قاضی احمدکے ایک ہی خاندان سے ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ سے کراچی آنے والی بس کے حادثے میں اہل خانہ نے نوجوان نوید انجم کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا،اہل خانہ کا رابطہ کرنے کے باوجود رابطہ نہیں ہو رہا،تفصیلات کے مطابق کنری کے نواحی گاؤں بابو اقبال آرائیں کا رہائشی دو معصوم بچوں کا باپ 32 سالہ نوجوان پیاز کے بیج کا بیوپاری نوید انجم پیاز کا بیج فروخت کرکے گزشتہ روز کوئٹہ سے بدقسمت مسافر کوچ میں سوار ہوکر کراچی بہن کے گھر آرہا تھا کہ بس موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں الٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی جس میں درجنوں افراد اجل کا شکار ہوگئے تھے،اہل خانہ کی جانب سے موبائل فون پر بار بار رابطہ کرنے کے باوجود اس سے رابطہ نہیں ہوپا رہا اس کا موبائل فون مسلسل بند جا رہا ہے،نوید انجم کے بھائی عبدالحمید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بس میں سوار ہونے کے بعد نوید نے کراچی میں اپنی بہن کو فون کرکے بتایا کہ وہ بس میں سوار ہو گیا ہے صبح پہنچ کر ان کے گھر پر ناشتہ کرے گا دوبارہ مجھے فون مت کرنا مجھے شدید نیند آرہی ہے اور میں اب سو رہا ہوں بھائی کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی لوکیشن چیک کرنے پر لوکیشن حادثے کی جگہ بتائی جا رہی ہے جس پر ان کو شبہ ہیکہ ان کا بھائی اس حادثے جاں بحق ہوچکا ہے ایسی خبر سننے کے بعد ان گھر میں کہرام مچ گیا ہے اور پورے گاؤں کا ماحول سوگوار ہو گیا ہے دیگر بھائی لاش کے حصول اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔محراب پور میں ٹریفک حادثے میں باپ بیٹا زخمی، درس پولیس تھانہ کی حدود قومی شاہراہ درس بائی پاس کے مقام پر تیز رفتار مزدا گاڑی کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار علی شیر ماچھی اور محمد ہارون زخمی ہوگئے جنہیں مورو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انکی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ایس ایچ او درس عبد المنعیم لاڑک کے مطابق حادثے کا شکار موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا ہیں جو گاؤں ماہی خان ماچھی کے رہائشی ہیں اور اپنے گاؤں جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے، ڈرائیور کو گرفتار کرکے مزدا کو تحویل میں لے لیا ہے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔