نوجوان پہلی ڈیفینس لائن‘ انکی سرپرستی کی جائے‘عبدالحاکم قائد

Jan 31, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوان،طلبہ اورخواتین اٹھیں اور اپنے حقوق کے لئے میدان عمل میں آجائیں۔نوجوان ہوش سے کام لیں اور سیاست دانوں کے ذاتی مفاد کا ایندھن نہ بنیں۔ نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا عددی طبقہ اور ملک کی پہلی ڈفینس لائن ہے۔اس کی سرپرستی کر کے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ اندھیر نگری چوپٹ راج کا خاتمہ کرنے کے لئے نوجوان عزم کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں۔ سیاسی جماعتیں نوجوانوں کے لیے سیاست کے میدان میں آنے کی راہ ہموار کریں۔ پاسبان نوجوانوں کو متحد کر کے حکومت کے ایوانوں میں پہنچانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔  حکمرانوں نے قوم کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور دیگر عالمی قرض دہندگان کے قاتل قرضوں کے جال میں دھکیل دیا ہے جس کا مقصد صرف غریب عوام کا خون چوسنا ہے۔ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے بم گرانا معمول بنا لیا ہے۔ کبھی پیٹرولیم مصنوعات، کبھی بجلی کی قیمتوں اورکبھی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کئے جانے والے آئے روزا ضافہ سے عوام معاشی بدحالی کا شکار ہے۔پاسبان اس ظلم کو برداشت نہیں کرے گی۔ حکومت عوام کی حالت پر رحم کرے،اپنی معاشی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا بند کرے اورپیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں کیا جانے والا اضافہ کسی تاخیر کے بغیر واپس لے۔ سیاسی لیڈرشپ ملک سے مخلص ہو کر کام کرے۔و ہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہونے والی کیبنٹ کی تشکیل کے موقعہ پرپاسبان ورکرز سے گفتگو کر رہے تھے۔ کیبنٹ میں مختلف یو سیزاور پی ایس کے ورکرز شامل ہیں جن میں یو سی 11 سے صدر رمضان،نائب سدر مشتاق،جنرل سیکریٹری حمزہ، یو سی 11سے نائب صدر پترس جون خدا بخش اقلیتی ونگ ،پی ایس 100 سے پیٹر اسحاق صدر اقلیتی جماعت ،صدر رمیز راجہ، نائب صدر محسن شیخ،یو سی 3 کے صدر محمد کاشف ،نائب صدر نیاز احمد، جنرل سیکریٹری شاہزیب وارثی شامل ہیں۔ عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ کوٹہ سسٹم کی بدولت ملک کے باصلاحیت نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے روزگار کے لئے دردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ ملک و قوم کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھنے والے نوجوان سرکاری ملازمتوں کے حصول سے مایوس ہوکر ملک سے باہر چلے گئے۔سرکاری اداروں میں سیاسی اثر ورسوخ اور رشوت کا بازار گرم ہے ۔ ملک میں قدرتی وسائل اور معدنیات کی بھرمار ہے، زرعی اجناس کی پیداوار ہے، انہیں استعمال میں لایا جائے۔ محب وطن اور عوام کا درد رکھنے والے معاشی ماہرین کی ٹیم بنائی جائے جو ملکی حالات اور زمینی حقائق سے باخبر ہوں۔ 

مزیدخبریں