پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سراسرظلم ،محمد حسین محنتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی پارٹیاں عوامی مسائل حل اور ملک کو بحران سے نکالنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں، حکمرانوں کی مفاد پرستانہ اور مغرب کی غلامانہ پالیسیوں نے معیشت کو تباہ اور ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔75سال سے ملک پرمسلط حکمران ٹولہ غیروں کے مفادات کی تکمیل اورعوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے۔قوم کو اس وقت لیڈرشپ کی ضرورت ہے جوغیروں کی غلامی کی بجائے ان کے دکھوں کا مداواکرے۔سرمائیدارانہ نظام وکرپٹ قیادت نہیںبلکہ اسلام کا عادلانہ نظام اور مخلص ودیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو موجودہ مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے جماعت اسلامی نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ملک میں آزادی اظہار کی بات کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھ کوٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا، قبل ازیں صوبائی امیر نے کند کوٹ پریس کلب کی نومنتخب باڈی کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب مسعود عالم سومرو،صوبائی نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی ودیگر مقامی ذمہ داران بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ جاگیردار ٹولے اور وڈیرہ شاہی کے نظام نے تیل وگیس اور قدرتی وسائل سے مالا مال شاہوکار سندھ کو اجاڑ کررکھ دیا ہے، دورجدید میں بھی اہلیان سندھ عملی طور پر پتھر کے دور اور زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، ضلع کشمور سمیت پورا سندھ اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے شہریوں کی جان محفوظ اورنہ ہی املک رہزنوں سے محفوظ ہے، گذشتہ 15سالوں سے برسراقتدار پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو مہنگائی، بدامنی، بیروزگاری اور محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، تبدیلی وخوشحالی اورمحرومیوں کے خاتمے کیلئے عوام کو بیدرای کا ثبوت دینا پڑے گا،صوبائی امیرنے کندھکوٹ میںضلعی نظم اور ضلع بھرکے مقامی جماعتوں کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب،تنظیمی ودعوتی امورکاجائزہ،ارکان جماعت سے انفرادی ملاقاتیں اورضلعی رہنما تعلیمی ماہر استاد بشیراحمد ہاجانو کی رہائش گاہ پہنچ کر بھابھی کی وفات پرتعزیت مرحومہ کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن