کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطارقادری نے فیضان مدینہ کراچی میں رجب المرجب کے سلسلے میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گناہ سے بچنے کے فوائد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص کسی گناہ کے کرنے پر قادر ہو اور وہ اللہ پاک کے خوف سے گناہ نہ کرے تو اللہ اسے دنیا میں ہی جلد ایسا بہترین بدلہ عطا فرماتا ہے جو اس گناہ کے کام سے بہتر ہوتا ہے،بندہ اللہ کے خوف سے گناہ چھوڑ دے تو بہت فائدہ ہوگا،لوگ بندوں کے خوف سے گناہ چھوڑتے ہیں کہ کوئی دیکھ رہا ہوتو اس کے سامنے سنبھل جاتے ہیں ،کوئی دیکھ رہا ہواس کی توجہ ہویا نہ ہوڈرتے ہیں،مگر یہ بات یقینی ہے کہ اللہ پاک ہمیں ہر حال میں دیکھ رہا ہے،افسوس پھر بھی ہم گناہ سے نہیں بچتے۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ نیک بننے کیلئے سنجیدہ ہونا ضروری ہے،گناہ چھوڑنے کے معاملے پر اگر بندہ سنجیدہ ہوجائے تو وہ گناہوں سے بچ سکتا ہے،بعض لوگوں کی خواہش ہوتی ہوگی کہ موقع ملے توفلاں گناہ کرلیں مگر انہیں اپنی ذلت ورسوائی اور قانون کے شکنجے میں آنے سے ڈر لگتا ہوگا۔امیر اہل سنت نے کہا کہ وہ گناہ جو معاشرے میں برے سمجھتے جاتے ہیں وہ گناہ نہیں کئے جاتے، مگر نماز بھی چھوڑ دیتے ہیں حالانکہ یہ بھی گناہ ہے مگر معاشرے میں اب اس کو برا نہیں سمجھا جاتا،یعنی اگر کوئی نماز نہ پڑھے تو لوگ اس کو برا نہیں سمجھتے اور اگر کوئی چوری کرے تو لوگ اس کو برا سمجھتے ہیں،حالانکہ یہ دونوں کام برے ہیں،اللہ پاک کی نافرمانی والے کام ہیں۔امیر اہل سنت نے کہا کہ کئی نیک کام لوگوں سے شرماکر چھوڑ دیئے جاتے ہیں،ایسا نہیں کرنا چاہئے،ایسی شرم جو نیکیوں میں رکاوٹ بنے اس کو اختیار نہ کیا جائے،افسوس ہم کئی نیکیاں شرم کے باعث چھوڑ دیتے ہیں مگر اللہ اور اس کے رسول ﷺسے شرم کرتے ہوئے گناہ نہیں چھوڑتے۔امیر اہل سنت نے کہا کہ لوگوں نے انبیاء کرام کو برا کہا، پیارے سرکارﷺ کو کفار برا بھلا بولتے تھے، صحابہ کرام کو بھی ان لوگوں نے نہیں چھوڑا،اولیاء اللہ کو بھی لوگ برا بھلا کہتے آئے ہیں،اگر نیکی کی دعوت دینے والے کو کسی نے برا بھلا کہہ بھی دیا تو اس سے دل برداشتہ نہ ہوں،آپ کو برا بھلا بولنے والوں کی تعداد اچھا بولنے والوں سے کم ہے،لوگ آپ کو اچھا بھی بولتے ہونگے،آپ کی عزت بھی کرتے ہونگے اور آپ سے دعاؤں کی درخواست بھی کرتے ہونگے لہٰذا ایک یا چند کے برا بولنے سے نیکی کی دعوت کوترک نہ کریں۔
بندہ سنجیدہ ہو تو وہ گناہوں سے بچ سکتا ہے،علامہ الیاس قادری
Jan 31, 2023