اردو بولنے پر تضحیک‘ متحدہ رہنمامتاثرہ طالبعلم کے گھر پہنچ گئے

Jan 31, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر برائے سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ گزشتہ روز نجی اسکول انتظامیہ کی تضحیک کا نشانہ بنے والے طالبعلم کے گھر جا کر والد سے ملاقات کی۔ علی خورشیدی نے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے اردو زبان میں بات کرنے پر تضحیک کا نشانہ بنانے کو انتہائی شرمناک عمل قرار دیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے اس کے استعمال پر طالبعلم کی ہرزہ سرائی کرنا اور والدین کے ساتھ بد تمیزی کرنا اسکول انتظامیہ پر ایک سوالیہ نشان ہے، ایم کیو ایم پاکستان اس تمام تر واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ اس شرمناک عمل کے خلاف نہ صرف اس بچے اور والدین کو مکمل تعاون فراہم کے گی بلکہ ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ علی خورشیدی نے وزیر اعلی سندھ اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کیلئے بنائی گئی کمیٹی اپنی کاروائی منصفانہ طریقے سے کرتے ہوئے بچے کو مکمل انصاف فراہم کرے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ اس قسم کے واقعات مزید نہ ہوں، یہ پاکستان کی قومی زبان کا مسئلہ ہے۔ اس موقع پر نارتھ ناظم آباد کے ٹاؤن آرگنائزر و اراکین ٹاؤن کمیٹی بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں