کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی، جنرل سیکریٹری مبین جتوئی اور پی ٹی آئی سندھ کی کابینہ نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں پشاور کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے اور اسکے نتیجے میں درجنوں افراد کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر انتہائی تشویشناک ہے۔ ملک کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشتگردی کی آگ میں دھکیلا جارہا ہے۔ عدم استحکام اور مہنگائی کا شکار ملک اور اس میں بسنے والے اب مزید کسی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ملک میں قیام امن کے لئے قوم اور سیکورٹی فورسز نے بے تحاشہ جانوں کی قربانیاں دیں ہیں۔ اس قسم کے واقعات ملک کی بقا اور سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ دہشت گرد اس قسم کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ ملک میں امن قائم رکھنے کے لئے ادارے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات میں بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشتگردی میں دھکیلا جارہا،علی زیدی
Jan 31, 2023