ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد

Jan 31, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ریسرچ سیکشن کے تحت چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد بورڈ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جو 23جنوری سے 26جنوری تک جاری رہی جس میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت نہم و دہم سائنس وجنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2023 کیلئے مختلف مضامین کے نئے ماڈل پیپرز کی تیاری کیلئے ماہرین اساتذہ نے خصوصی شرکت کی۔ پرچہ جات میں 20 فیصد کثیر الانتخابی سوالات، 40 فیصد مختصر جواب کے سوالات اور 40 فیصد بیانہ جواب کے سوالات شامل کئے جائیں گے۔ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں کراچی بورڈ کے بنائے ہوئے ماڈل پیپرز کو بڑی اہمیت حاصل رہی ہے اور یقینا اساتذہ کرام کی محنت و اخلاص اور پرچہ سازی کے عمل میں ان کی مہارت کی بدولت ہی یہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے نظام امتحانات میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔ سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق نے کہا کہ اساتذہ کی زیر نگرانی فروری کے دوسرے ہفتے میں ماڈل پیپرز کو تیار کر کے طلبا و طالبات کی رہنمائی کیلئے جلد ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کر دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے خطاب  میں 2009 سے اب تک بنائے جانے والے ماڈل پیپرز کا ذکرکرتے ہوئے اساتذہ کرام کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پرچہ سازی کا عمل نظام امتحانات میں بنیادی اہمیت کاحامل ہے اسی لئے اس ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تاکہ ماڈل پیپرز کی تیاری کا کام باہمی مشاورت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔اس موقع پر شعبہ سائنس کے کنوینر محمد عبداللہ‘ ‘ ڈاکٹرسعید احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں