کراچی پریس کلب  سے ہرممکن تعاون کرینگے‘ ڈاکٹر سیف الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے فوارہ چوک کا نام تبدیل کر کے پریس کلب چوک رکھنے کی قرارداد منظور کی ہے، صحافیوں کی فلاح وبہبود کے مرکز کراچی پریس کلب کے مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا،یہ بات انہوں نے پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکریٹری شعیب احمد ،نائب صدر مشتاق سہیل، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، فنانس سیکریٹری احتشام سعید پاشا، سلیمان سعادت، شمس کیریو اور دیگر ممبران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی طرف سے چند قدم کی مسافت پر موجود فوارہ چوک کو پریس کلب کے نام سے موسوم کرنے کی درخواست پر وقت ضائع کئے بغیر کارروائی کی گئی کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پورے کراچی کے شہریوں کا خیال ہے کہ اس مقام کو پریس کلب سے منسوب ہونا چاہئے۔ پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے فوارہ چوک کو پریس کلب چوک کا نام دینے پر ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کا شکریہ ادا کیا۔ پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی شہر کے لئے بڑی خدمات ہیں۔ بعدازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بنائے گئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو، لائبریری،ابراہیم جلیس ہال،اختر بلوچ کارنر اور کانفرنس روم کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئیں سہولیات کا جائزہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن