کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سبی میں تحریک انصاف کی ریلی کے قریب دھماکے سے چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی ریلی جناح روڈ سے گزرنے کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زیادہ تشویشناک حالت والے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان عبداللہ خان نے سبی دھماکے کے پیش نظر سبی سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ بم دھماکے کے چار زخمیوں کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سبی میں علاج جاری ہے۔ دھماکے سے گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کی۔دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ضلع بولان کے علاقے پنجرہ پل کے قریب سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق تینوں افراد کو ایک روز پہلے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ تینوں افراد کی لاشیں شناخت کیلئے سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کر دی گئیں۔
سبی: پی ٹی آئی ریلی کے قریب دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، بولان میں 3 نعشیں برآمد
Jan 31, 2024