لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارتی بیس بال ٹیم نے پاکستان میں تین ملکی سیریز کھیلنے کی حامی بھرلی، تیسری ٹیم ملائیشیا ہوگی۔انڈین بیس بال کے سیکرٹری ہریش کمار نے پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کی دعوت قبول کرلی۔ فخر علی شاہ کے مطابق 15 سے 22 اپریل تک لاہور میں تین ملکی بیس بال سیریز کرانے کی پلاننگ کی ہے، جس میں ملائیشیا کے بعد اب بھارت نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔فخر علی شاہ نے کہا کہ بھارتی بیس بال کے سیکرٹری ہریش کمار سے فون پر بات ہوئی ہے، وہ پاکستان آکر کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ حکومتی اجازت کے بعد ویزے ملنے کی صورت میں ضرور پاکستان آکر کھیلیں گے۔صدر پاکستان بیس بال فیڈریشن نے واضح کیا کہ مینز اور ویمنز ٹیموں کی سیریز پلان کر رہے ہیں، ویسٹ ایشیا بیس بال کپ سے پہلے یہ تین ملکی سیریز تیاری میں مدد دے گی۔ گزشتہ برس بھارتی ٹیم ویسٹ ایشیا کپ کیلئے اسلام آباد میں آکر کھیل چکی ہے۔