5 بڑے شہروں کی کیمرہ مانیٹرنگ لاہور سے ہو سکے گی، انتخابات ، تمام معاملات کنٹرول میں: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں پنجاب ایک قدم اور آگے۔ 5 بڑے شہروں گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، قصور اور ننکانہ کی مانیٹرنگ لاہور سے بھی ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 5 شہروں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹیزکے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ  محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر قربان لائنزکا دورہ کیا اور سیف سٹیز کی ویڈیو وال سے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں لگائے گئے کیمروں کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔  وزیراعلیٰ نے سینٹرلائزڈ وائرلیس موبائل سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ جدید سسٹم سے پنجاب بھر میں تمام پولیس افسران و اہلکاروں کی لائیو لوکیشن دیکھی جا سکتی ہے۔  جرائم کے حوالے سے خفیہ اطلاع دینے کیلئے متعارف کرائی گئی کرائم سٹاپرز سروس بارے بریفنگ دی گئی۔ سیف سٹی کیمرے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کا تعین کر رہے ہیں۔ قربان لائنز میں  محسن نقوی نے رات گئے پولیس کے اپارٹمنٹس کا دروہ کیا اور اپارٹمنٹس کے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا۔ خامیاں دور کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹاؤن کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ کوریڈور میں ڈاکٹر فاطمہ جناح کے لگائے گئے پورٹریٹ کی بھی رونمائی کی۔ محسن نقوی نے کہا  ڈی مونٹ گئے تو حالات دیکھ کر خوف آتا تھا۔  پریشان اور حیران تھا کہ مریض ڈی مونٹ میں کیسے علاج کراتے ہیں۔ ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز میں دانت سے متعلق امراض کا بہترین علاج ہو گا۔  ابتدائی لاگت 80کروڑ روپے تھی جو ساڑھے 4ارب روپے میں مکمل ہوا۔ جب ہمیں پتا چلا محکمہ تعمیرات و مواصلات کو ہدایات دیں کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اگلے 5سے 6روز میں تمام ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہوجائے گی۔ مناواں کینسر ہسپتال تیار ہے، کل یا پرسوں تک اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ امید ہے کہ بند روڈ پراجیکٹ 5سے6دنوں تک ٹریفک کے لئے کھول دیں گے۔ الیکشن کے حوالے سے تمام معاملات کنٹرول میں ہیں، الیکشن کمشنر پنجاب سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔ محسن نقوی  نے ڈیرہ غازی خان میں 6ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، اپ گریڈڈ تھانہ صدر، پولیس تحفظ مرکز ومیثاق سنٹر اور شہر کی 3رابطہ سڑکوں کا افتتاح کیا۔  محسن نقوی نے لادی گینگ اور جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شاباش دی۔ وزیر اعلی پنجاب نے تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کے مختلف شعبے دیکھے۔

ای پیپر دی نیشن