ٹریفک مینجمنٹ بہتری ‘ سیکٹرز کی حدود کو از سر نو تشکیل دینے کا پلان زیر غور

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ایک اور پولیس ملازم کے بچے کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کامیابی سے سر انجام پائی ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے عبدالہادی اور اسکے اہل خانہ سے ملاقات کی، حال و احوال پوچھا۔انہوںنے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں مزید بچوں کی کوکلیئر سرجریاں بھی کی جائیں گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس شاہرات پر محکمہ پولیس کی ایمبیسیڈر ہے، تمام ٹریفک پولیس افسران خوش اخلاقی، فرض شناسی اور خلوص نیت کیساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس کے دفاتر کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس دفاتر کو ماڈرن سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقی پانے والے 45 سینئر ٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ مزید بہتر کرنے کیلئے سیکٹرز کی حدود کو از سر نو تشکیل دینے کا پلان زیر غور ہے، سیکٹرز سائز تبدیل ہونے سے ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئیگی، سینئر وارڈنز کو نئی ذمہ داریاں ملیں گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے علی الصبح لاہور میں مختلف تھانوں، دفاتر اور خدمت مرکز کے دورے کرکے مکمل ہونے والے کام کی انسپکشن کی۔ غالب مارکیٹ میں ایس پی ماڈل ٹاؤن کے دفتر میں پاکستان میں بزنس مین افراد کیلئے پہلے پبلک کمیونٹی سنٹر کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کہ پبلک کمیونٹی سنٹر کی تعمیر کا کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ پولیس سٹیشن گلبرگ میں فنشنگ ورک کا جائزہ لیا، اعلی معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ شادمان میں زیر تعمیر میگا پولیس خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی انسپکشن کی۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن اچھرہ کی عمارت میں تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن