لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی، این اے 123 اور 128 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات 2024ء میں سیاسی، انتخابی انجینئرنگ کرکے مقتدر قوتوں نے انتخا بی عمل کے پلیئنگ فیلڈ میں گدلا پانی چھوڑدیا ہے اور آئینی، سیاسی، جمہوری لیول بھی تباہ کردیا ہے۔ آئین کی حفاظت، 25 کروڑ عوام کے جمہوری حق اور سیاسی استحکام کے لیے غیرجانبدارانہ انتخابات کی آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔ اسٹیبلشمنٹ اپنی بالادستی کے لیے لاڈلے بدلتی رہتی ہے۔ ایک کو لاڈلا دوسرے کو متبادل لاڈلا بناکر رکھنے کا کھیل ملک و مِلت کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بن گیا ہے۔پی ڈی ایم کی 18ماہ کی حکومت نے عوام کومہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا ن لیگ اور پی پی پی کی 18 ماہ کی کی پی ڈی ایم اتحادی حکومت اپنی نااہلیوں اور تباہ کاریوں کا جواب دینے کی بجائے انجینئرڈ نوراکشتی کے ذریعے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتی ہیں۔ لیکن عوام باشعور ہیں، اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، ووٹرز اپنے بہتر مستقبل کے لیے بہترین آپشن جماعتِ اسلامی کے ترازو کو ووٹ دیں گے۔
اسٹیبلیشمنٹ اپنی بالادستی کے لیے لاڈلے بدلتی رہتی ہے: لیاقت بلوچ
Jan 31, 2024