لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچنے والی بھارتی ٹینس ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی مقابلے کی تیاری کیلئے دو گھنٹے بھرپور پریکٹس کی۔3 اور4 فروری کو اسلام آباد میں شیڈول پاکستان‘ بھارت ڈیوس کپ ٹائی کیلئے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے کمر کس لی ہے۔بھارتی ٹینس ٹیم کو سخت سکیورٹی میں مقامی ہوٹل سے پاکستان سپورٹس بورڈ پہنچایا گیا جہاں بھارت اور پاکستان کی ٹیموں نے روشن کمپلیکس میں الگ الگ دو، دو گھنٹے تک گراس کورٹ پر پریکٹس سیشنز کیے۔اس دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خوشگوار موڈ کیساتھ ایک دوسرے سے ملاقات بھی کی۔ ڈیوس کپ ٹائی کیلئے روشن کمپلیکس میں میڈیا اور تماشائیوں کیلئے انکلوژرز بنائے جارہے ہیں جبکہ خصوصی پاسز کے تحت شائقین پاکستان‘ بھارت ٹینس ٹاکرے سے لطف اندوز ہوں گے۔پاکستان کادورہ کرنیوالی آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انیل دھوپر نے پاکستان‘ بھارت ٹینس سیریز کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سپورٹس ڈپلومیسی کو بہتر بنانا چاہیے، ڈیوس کپ میں پاکستان کیخلاف کامیابی کیلئے پر امید ہیں ، پرتپاک استقبال کرنے پر خوشی ہوئی ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز سے ٹینس کو فروغ ملے گا۔ دونوں ملکوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنا چاہیے۔ ہم نے بھارتی حکومت سے پاکستان جانے کیلئے این او سی نہیں مانگی تھی ، ڈیوس کپ کھیلنے کیلئے ہمیں این او سی کی ضرورت نہیں ، ہمیں اندازہ تھا کہ ڈیوس کپ کیلئے پاکستان ہی جانا پڑے گا اسی لئے ڈیوس کپ میزبانی چیلنج کرنے سے قبل ہی پاکستان کی ٹکٹ بک کروا لی تھی۔ پاکستان آکر اچھا لگا، اسلام آباد خوبصورت شہر ہے، ہمارا پرتپاک استقبال کیا گیا، بھارتی حکومت ٹینس کو 18کروڑ کی سالانہ گرانٹ دیتی ہے۔