لاہور (آئی این پی) پنجاب میں خطرناک نمونیا مزید14 بچوں کی زندگیاں نگل گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران نمونیا کے 872 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صرف لاہور میں ایک روز کے دوران 202 نئے کیسز سامنے آئے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں جنوری کے دوران نمونیا سے 275 اموات اور 16 ہزار 203 کیسز سامنے آئے جب کہ صوبائی دارالحکومت میں رواں سال نمونیا سے 56 اموات ہوئیں جب کہ مجموعی طور پر 2 ہزار 903 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ 6 روز کے درمیان 75 سے زائد بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ 24 جنوری کو 14، 25 جنوری کو 12، 26 جنوری کو 13، 27 جنوری 07، 28 جنوری کو 18، 29 جنوری کو 3 بچوں کے بعد 30 جنوری کو مزید 14 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئیں۔ دریں اثناء ملک کئی حصوں میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی ہوئی۔ صوبائی دارالحکومت (لاہور) میں بھی گزشتہ روز بوندا باندی ہوئی جس سے ایک دو روز تک کسی حد تک خشک سردی کم ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں میدانی علاقوں میں گزشتہ روز بھی دھند کی صورتحال برقرار رہنے کے باعث منگل کے روز بھی موٹر ویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔