کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان نے تمام مالیتوں کے نئے کرنسی (بینک) نوٹوں کی ڈیزائننگ پر کام شروع کردیا ہے، جس کے بعد انہیں جاری کیا جائے گا۔ نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کے سلسلے میں ابتدائی اقدام کے طور پر، سٹیٹ بینک جدید اور موضوعاتی ڈیزائن آئیڈیاز کے حصول کے لیے آرٹ کا ایک مقابلہ منعقد کر رہا ہے۔ مقامی فنکار، ڈیزائنر اور آرٹ کے طلبہ 11مارچ 2024ء تک اپنے ڈیزائن سٹیٹ بینک کو بھیج سکتے ہیں۔ بینک نوٹوں کی موجودہ مالیتیں سات عدد ہیں اور ہر مالیت کے لیے سرِفہرست تین ڈیزائنوں کو منتخب کرکے انہیں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ آرٹ کے مقابلے کے نتیجے میں ڈیزائن سے متعلق سامنے آنے والے خیالات اور تصورات کا اگلا مرحلہ یہ ہوگا کہ وہ ایک اور مقابلے کے ذریعے منتخب کیے جانے والے معروف پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کے حوالے کیے جائیں گے۔ حتمی ڈیزائن منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔