شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار این اے 115میاں جاوید لطیف اور پی پی 141کے نامزد امیدوارسابق چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مین بازار و ملحقہ بازاروں کا دورہ کیا اور تاجروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں انتخابی منشور سے آگاہ کیا، اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں ذیشان پرویز ، جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال، حاجی اکبر علی چوہان، شیخ عظیم جاوید، احمد خورشید چوہدری، حاجی رانا محمد الیاس، رانامہران فیاض، رانا سمیع الیاس و دیگر موجود تھے۔ تاجروں نے میاں جاوید لطیف او ر میاں امجد لطیف کا بھرپور استقبال کیا صرافہ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے میاں جاوید لطیف کو سونے کا تاج پہنایا جبکہ رانا سمیع الیاس نے انہیں سونے کی انگوٹھی پہنائی میاں جاوید لطیف نے تاجر برادری کی طرف سے حمایت کے اعلانات پر ان کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ تاجر برادری کا بھرپور اعتماد میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں منتخب ہو کر علاقائی تعمیر و ترقی سمیت شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ ملک و قوم کی بھرپور خدمت کی ہے، آئندہ بھی (ن) لیگ ہی پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) واضح برتری حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔