گرفتار صنم جاوید این اے 119 سے آزاد امیدوار کے حق میں دستبردار 

Jan 31, 2024

لاہور (آئی این پی+خبرنگار ) پاکستان تحریک انصاف  گرفتار رہنما صنم جاوید نے کہا ہے کہ  میرے کاغذات نامزدگی تاخیر سے منظور ہوئے، عباد فاروق کے بھائی میاں شہزاد فاروق نے اس حلقے میں کافی مہم چلا چکے ہیں، شہزاد فاروق کا انتخابی نشان ٹرائی سائیکل ہے، میری گزارش ہے کہ سب ان کو ووٹ دیں۔پاکستان تحریک انصاف  گرفتار رہنما صنم جاوید نے لاہور کے حلقے این اے 119 سے کاغذات واپس لینے کی وجہ بتا دی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک صحافی نے صنم جاوید سے سوال کیا کہ آپ نے 119 سے کاغذات واپس کیوں لیے۔ قیدی وین میں سے جواب دیتے ہوئے صنم جاوید نے کہا کہ میرے کاغذات نامزدگی تاخیر سے منظور ہوئے اور عباد فاروق کے بھائی میاں شہزاد فاروق نے اس حلقے میں کافی مہم چلا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں بھی وہاں سے الیکشن لڑوں گی تو ووٹرز الجھ جائیں گے، میری امی اور میرے بچے شہزاد فاروق کے ساتھ مہم چلا رہے ہیں۔ صنم جاوید کا کہنا ہے کہ شہزاد فاروق کا انتخابی نشان ٹرائی سائیکل ہے، میری گزارش ہے کہ سب ان کو ووٹ دیں۔  لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 فروری تک توسیع کر دی۔ صنم جاوید کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاون پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز انویسٹی گیشن پولیس نے تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو گرفتار کیا تھا۔ صنم جاوید کے خلاف 9 مئی جلا وگھیرا وکے الزامات میں تھانہ شادمان میں مقدمہ درج ہے۔زمان پارک میں پولیس پر تشدد کے کیس میں ضمانت کے بعد گزشتہ روز ایک اور کیس میں گرفتار ہونے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی رہنما صنم جاوید لاہور کے حلقے این اے 119 سے آزاد امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئیں۔ تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی جانب سے این اے 119 سے الیکشن نہ لڑنے کے فیصلے کی تصدیق ان کی بہن فلک جاوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں 119 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار میاں شہزاد فاروق نے دستبردار ہونے پر صنم جاوید کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 119 سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔

مزیدخبریں