اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تجارت سمیت اعلیٰ حکام بھی شامل ہوئے۔ ملاقات میں پاک سعودی بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان کے سرفہرست کے 10 صنعتکاروں کے وفد کی ریاض میں قیادت کرنے کا ارادہ ہے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان میں سٹیل اور پیٹرو کیمیکل صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع سے سعودی صنعت کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی سیکٹر میں تعاون کو بڑھانے کے لیے اقدام کر رہے ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات بے پناہ قدرتی حسن سے مالامال ہیں، ان علاقوں میں لگژری ریزورٹس میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستانی اشیاء کی مارکیٹنگ کے لیے عالمی سطح پر 'برانڈ پاکستان' سٹورز قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔