پی ٹی اے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون کریگی، میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایک وفد کی قیادت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن سے ملاقات کی اور بزنس کمیونٹی کو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ ان کا ادارہ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے متعدد مشترکہ کوششیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے میں مدد فراہم کرنا ان کے ادارے کی اہم ترجیح ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جامع ریگولیٹری فریم ورک کی ترقی کی وجہ سے مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے صارفین کو سستی اور اعلیٰ معیار کی سروسز فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کیلئے معقول منافع کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے شعبے نے گزشتہ 5 سالوں کے دوران 29 فیصد کی غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے ملک کی 90 فیصد آبادی کو موبائل سروسز دستیاب ہیں جبکہ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد13کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پی ٹی اے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے اور مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کوریج، رسائی اور سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ موجودہ سخت مقابلے کے کاروباری ماحول میں کاروباری اداروں کے لیے سستی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دستیابی بہت ضروری ہے لہذا پی ٹی اے ان چیزوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل براڈ بینڈ سروسز کی معطلی سے کاروباری اداروں کو موبائل ایپ کے ذریعے کاروبار لین دین کرنے میں بہت دشواری ہوتی ہے جس سے ان کا کاروباری نقصان ہوتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی اے کاروبار کو نقصان سے بچانے کے لیے اس مسئلے کا پائیدار حل نکالے۔ 

ای پیپر دی نیشن