حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہیں ، مصطفیٰ نوا زکھوکھر 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) حلقہ این اے 47 اورحلقہ این اے48 سے امیدوار مصطفیٰ نوا زکھوکھر نے کہا سیاسی قائدین اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستان بھر میں کوئی بھی شخص مطمئن اور پرامید نہیں 25 کروڑ عوام میں سے9 کروڑ لوگ سطح غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں پاکستان جس کشتی کے اوپر25 کروڑ لوگ سوار ہیں وہ کس کشتی بھنور کی طرف جارہی ہے جس سے پاکستان کے آنے والی نسلوں کا مستقبل خطرے میں ہے عوام میں بے یقینی کی کیفیت ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی ہجرت ہوئی پچھلے سال کم سے کم دس لاکھ سے زیادہ لوگ جس میں ڈاکٹرز، وکلاء ہنر مند اور سرمایہ دار ملک چھوڑنے پر مجبور ہوکر ملک چھوڑ کر رزق کی تلاش میں بیرون ممالک جا چکے ہیں۔ چند عرصہ قبل پاسپورٹ کے حصول کیلئے بارہ سے پندرہ ہزار درخواستیں وصول ہوتی تھیں جبکہ اب ملکی حالات اتنے بے یقینی ہوچکے ہیں کہ35 سے40 ہزار درخواست پاسپورٹ کے حصول کیلئے وصول ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پاسپورٹ بنانے والا کاغذ ہی ختم ہوگیا ہے۔ جن کی ذمہ داری تھی ان سارے مسائل کو حل کرنا انہوں نے اپنا نصب العین اقتدار کو بنا لیا ہے جن کی ذمہ داری تھی کہ 25 کروڑ عوام میں خوشحالی لائے نظام انصاف کو ٹھیک کرنا نظام تعلیم، نظام صحت عوام کو میسر کرنا لیکن سیاسی اشرافیہ نے صرف اور صرف اپنے اقتدار کے بارے میں سوچا کبھی عوام کے مسائل کو ترجیح نہ دی بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک آج اس نہج تک پہنچ چکا ہے سیاسی جماعتیں اور سیاسی قائدین کی ترجیحات میں اب یہ بات شامل نہیں کہ انہوں نے25 کروڑ عوام کی تقدیر کو بدلنا ہے آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو سنوارنا ہے ان خیالات کا اظہار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چوہدری ریاض  کے زیر اہتمام نکی تالائی میں منعقدہ  کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری ریاض ایڈووکیٹ اور اہلیاں نکی ترلائی نے مصطفیٰ نوا ز کھوکھر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا 8 فروری مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جیت کا دن ہے

ای پیپر دی نیشن