مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے ایک سواٹھارہویں یوم ولادت کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، مجید نظامی نے اس موقع پر مادرملت اکیڈمی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

Jul 31, 2010 | 22:58

سفیر یاؤ جنگ
ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہورمیں بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کی ایک سواٹھارہویں سالگرہ کا کیک نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی نے کاٹا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجید نظامی نے کہا کہ مادرملت کے بغیرپاکستان کا قیام ممکن نہ تھا، تحریک پاکستان کو زندہ رکھنے میں محترمہ فاطمہ جناح نے اہم کرداراداکیا۔ وہ اپنے بھائی کی دن رات خدمت نہ کرتیں تو پاکستان نہ بنتا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ جناح وہ واحد خاتون تھیں جنہوں نے فیلڈ مارشل ایوب خان کی آمریت کا مقابلہ کیا۔ مجید نظامی نے کہا کہ خواتین کو مادرِ ملت کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو مسخ کرکے دوسرے نظریات سامنے لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت فاطمہ جناح نے صدر ایوب کے مارشل لا کی مخالفت کرکے آمریت کی جڑیں ہلا دیں اور جمہوریت کی راہ ہموار کی۔
اس تقریب میں  وائس چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، چیئرمین تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل ریٹائرڈ جمشید احمد ترین، بیگم ثریا خورشید، بیگم مہناز رفیع، رکنِ قومی اسمبلی بشری رحمن، اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی اور محترمہ فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مزیدخبریں