کراچی اور لاہور اسٹاک مارکیٹس میں آج نمایاں تیزی رہی۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پینسٹھ پوائنٹس بڑھ کر چودہ ہزار پانچ سو ستتر پوائنٹس پر بند ہوا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا اور انڈیکس تمام وقت گرین زون میں ہی رہا۔ نیشنل بینک، اینگروفوڈ، پی ٹی سی ایل، لکی سیمنٹ سمیت کئی بڑی کمپنیوں کے حصص میں نمایاں خریداری نے آج کاروبار کے اختتام تک تیزی کو برقرار رکھا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پینسٹھ پوائنٹس بڑھ کر چودہ ہزار پانچ سو ستتر پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی کاروباری حجم سات کروڑ ستتر لاکھ شئیرز رہا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بیس لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے بھی مسلسل کئی روز کے بعد آج بہتر کاروباری حجم کے ساتھ انڈیکس میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ ادھر لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی رہی، ایل ایس پچیس انڈیکس دس پوائنٹ اضافے کے ساتھ تین ہزار چھ سو پچاس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چوراسی کمپنیوں کے اکیس لاکھ اٹھانوے ہزار پانچ سو حصص کا کاروبار ہوا۔ بیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،اٹھارہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ چھیالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

ای پیپر دی نیشن