ممنون حسین97ءمیں گورنر سندھ‘99ءمیں کراچی چیمبر کامرس کے صدر رہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نومنتخب صدرمملکت ممنون حسین 23دسمبر 1940کوبھارت کے شہر آگرہ میں ایک روایتی مسلمان مذہبی گھرانے میںآنکھ کھولی۔ان کے والد حاجی اظہر حسین اور دادا حاجی ظفر حسین جوتے کی صنعت سے وابستہ تھے اور الگ الگ فیکٹریوں کے مالک تھے۔قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان 1949میں پاکستان منتقل ہوا۔انہوں نے ابتدائی تعلیم گھر پر ہی حاصل کی،دینی اور دنیاوی تعلیم کی غرض سے آپ کے والد حاجی اظہر حسین نے گھر میں تعلیم دلانے کے لیے عربی، انگریزی،فارسی ،تاریخ ،ریاضی ،الجبرا اور خوش نویسی میں مہارت رکھنے والے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کیں۔ دینی تعلیم کے باضابطہ حصول کے لئے 1953 سے 1955تک تقریبا"ڈھائی سال کے عرصے کے لیے ”مخزن عربیہ بحرالعلوم“جو کہ آج کل دارالعلوم نعیمہ کراچی کے نام سے مشہور ہے ،میں بھی طالب علم کی حیثیت سے وابستگی اختیار کی۔ 1958میں پرائیویٹ حیثیت سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ 1963میں کراچی یونیورسٹی کے ماتحت گورنمنٹ کالج کامر س سے بی کام آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ 1965میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن”آئی بی اے“کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ 1983میں ٹیکسٹائل کے کاروبار سے وابستہ ہوئے اور محدود پیمانے پر کپڑا تیار کرنے کی مل قائم کی ۔ممنون حسین کی دو بہنیں اور پانچ بھائی جن میں سے ایک بہن اور تین بھائی حیات ہیں۔ بھائی اور بہنوئی کپڑے کی تجارت سے وابستہ ہیں۔آپ کے تین بیٹے ہیں اور تینوں شادی شدہ ہیں ۔ تینوں بیٹوںکا تعلق بینکنگ کے شعبے سے ہے ۔ایک بیٹا سٹی بنک آف پاکستان کا ڈائریکٹر ہے۔ممنون حسین کا گھرانہ ایک روایتی اور مسلمان گھرانہ ہے جہاں صوم وصلو اور دیگر دینی فرائض کی ادائیگی کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ممنون حسین پیدائشی طور پر مسلم لیگی ہیں ،آپ کے آباﺅ اجداد میں قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھر پور حصہ لیا اور بعد ازاں1949میں ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہو گئے۔ ایم بی اے کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کاروبار کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ کی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا شروع کر دیا ایک ادنی سے کارکن کے درجے سے اپنی سیاست کا آغاز کرنے کے بعد 1967میں مسلم لیگ کراچی کے اس وقت جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے جب معروف سیاستدان او رپاکستان کے سابق وزیر خارجہ زین نورانی کراچی مسلم لیگ کے صدر تھے۔جماعتی اور ملکی سیاست کے ساتھ ساتھ آپ نے تجارتی پیشے سے وابستہ ہونے کی وجہ سے کراچی چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سیاست اور سرگرمیوں میں بھی نہایت نمایاں کردار ادا کیا ا ور 15سال سرگرم عمل رہنے کے بعد 1999میں پہلی بار باضابطہ طور پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر منتخب ہوئے -ممنون حسین نے مسلم لیگ(ن)میں باقاعدہ طور پر اس وقت شمولیت اختیار کی جب 1993میں۔ محمد نواز شریف خصوصی طور پر کراچی آئے اس دوران محمد نواز شریف سے ملاقات ہوئی ۔1997میں وزیر اعلی سندھ لیاقت علی جتوئی کے مشیر مقرر ہوئے اور1999میں حکیم محمد سعید کی شہادت کے نتیجے میں حالات کی خرابی اور بعد ازاں گورنر راج کے نفاذ تک وزیر اعلی کے ہمراہ اس عہدے پراپنے فرائض سر انجام دیتے رہے ۔17جون 1999کو اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آپ کو خصوصی طو رپر اسلام آباد بلوایا اور انہیں سندھ کا گورنر بنائے جانے کے فیصلے سے آگاہ کیا ۔ 19جون 1997کو گورنر سندھ کا حلف اٹھایا اور 12اکتوبر 1999کو فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کے ہاتھوں مرکزی حکومت کی برطرفی کے ساتھ آپ کو بھی اس عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ممنون حسین مسلم لیگ (ن)سندھ کے صوبائی جنرل سیکرٹری رہے ،بعد ازاں قائم مقام صدر کی حیثیت سے بھی کام کیا ۔ 2005سے لیکر اب تک مسلسل مرکزی سینئر نائب صدر منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں ۔
ممنون حسین تاریخ

کراچی(صوفیہ یزدانی) پاکستان کے نو منتخب صدر ممنون حسین23 دسمبر1940ءکو بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے‘ آپ اگست1947ءکے اواخر میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آئے اور کراچی جنوبی کے علاقے آرام باغ میں اللہ والا مارکیٹ کے عقب میں گھیان سنگھ بلڈنگ کے ایک فلیٹ میں آباد ہوئے آپ کے والد اظہر حسین اور دادا جوتوں کا کاروبار کرتے تھے وہاں ان کی فیکٹری تھی یہاں آکر بھی انہوں نے جوتا سازی کا کاروبار شروع کیا۔ صدر ممنون حسین نے قرآنی اور ابتدائی تعلیم گھر میں حاصل کی۔ دو سال تک مدرسے میں بھی مختلف دینی علوم سیکھے‘ آپ نے میٹرک کرنے کے بعد کامرس کالج کراچی سے بی کام کرنے کے بعد انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ایم بی اے کیا‘ آپ نے سیاسی زندگی کا آغاز1958ءمیں بلدیاتی انتخابات کے امیدوار عبد الخالق اللہ والا کی انتخابی مہم میں حصہ لیکر کیا ان انتخابات میں عبد الخالق اللہ والا نے اکثریت سے کامیابی حاصل کی‘ 1967ء مسلم لیگ کراچی کے جوائنٹ سیکرٹری بنائے گئے اور چھ ماہ تک یہ ذمہ داریاں ادا کیں۔1993ءمیں جب صدر غلام اسحاق خان نے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کو برطرف کیا‘ اس وقت تک آپ بزنس کی سیاست میں آچکے تھے اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی کے رکن بنے اور سیاست اور بزنس کو کامیابی کے ساتھ چلایا۔28 اگست1970ءکو آپ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے آپ کی اہلیہ محمودہ ممنون کی فیملی کا تعلق دہلی سے ہے‘ ممنون حسین کا بچپن آگرہ اور حیدرآباد دکن میں گذرا‘ آپ کو ادب اور دین سے گہرا لگاﺅ ہے اور زمانہ طالب علمی سے ہی بیت بازی اور دوسری ادبی محفلوں میں شرکت شروع کی‘ آپ تجارتی اور قومی سیاست میں مختلف عہدوں پر فائز رہے۔

ای پیپر دی نیشن