لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف گلوکار راحت فتح علی خاں کے میوزک سٹوڈیو کی افتتاحی تقریب گذشتہ روز ان کے سٹوڈیو میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر راحت فتح علی خاں نے کہا ہے کہ میرا سٹوڈیو جدید سہولتوں سے آراستہ ہے۔ میں نے یہ سٹوڈیو صرف اپنے لئے نہیں بنایا بلکہ میرے علاوہ بھی ٹیلنٹ اس سے فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے بھارت جانے پر کوئی پابندی نہیں، مصروفیات کی وجہ سے بھارت نہیں جا رہا، 2014ءمیں بھارت جا¶ں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں صرف بھارت فلم انڈسٹری کیلئے ہی نہیں بلکہ پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے بھی کام کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں، علی ظفر اور فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کام کریں تو یہ بہت جلد کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ٹی وی انڈسٹری بھی بہت پھیل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت عرصے کے بعد میرا نیا البم آ رہا ہے جو لوگوں کو پسند آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو دن قبل بھارتی فلمساز وشال بھروواج اور نغمہ نگار گلزار اس سٹوڈیو میں آئے اور اپنی فلم ڈیڑھ عشقیہ کے گانے ریکارڈ کرکے لے گئے ہیں۔