لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کی ویسٹ انڈیزکے خلاف کامیابی کو سابق کرکٹرز اور ہاکی اولمپئنز نے انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو مزید محنت کے ساتھ اگلے میچز میں میدان میں اترتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ سابق اولمپئن محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیزکے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز نام کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قومی ٹیم ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی تو ورلڈکپ 2015ءجیت کر پوری قوم کو خوشخبری سنائے گی۔ سابق اولمپئن دانش کلیم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیزکے خلافم قابلوں میں مصباح الحق کے ساتھ ساتھ عمر اکمل، سعید اجمل اور ذوالفقار بابر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کھلاڑیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہو گی کہ وہ اچھا کھیل پیش کرکے زمبابوے کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کریں۔ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیزکے خلاف کامیابی پر ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے طویل عرصے کے بعد کم بیک کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر منظورالٰہی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح کے لئے پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے سیریز میں کلین سویپ سے قومی ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی مقابلے کو اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
قومی ٹیم کرکٹ ورلڈکپ میں خوشخبری سنائے گی : سابق کرکٹرز، اولمپئنز
Jul 31, 2013