پی آئی اے شدید بحران کی زد میں، قائم مقام چیئرمین سمیت 6 افسر مستعفی

Jul 31, 2013

اسلام آباد (نیشن رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان قومی ائرلائن (پی آئی اے) کی تعمیرنو کی کوششوں کو ائرلائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 6 کارپوریٹ ارکان کے استعفے پر شدید دھچکا لگا ہے۔ ان ارکان نے وزیراعظم کے مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کے استعفیٰ پر احتجاج کرتے ہوئے پی آئی اے کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ استعفیٰ دینے والوں میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے قائم مقام چیئرمین اسلم خالق بھی شامل ہیں۔ دیگر میں پاکستان کے بڑے بزنس مین میاں منشائ، عارف حبیب، نصر این ایس جعفر، عمران خان اور سرفراز اے رحمان شامل ہیں۔ دس رکنی بورڈ آف ڈائریکٹر کو حال ہی میں ایوی ایشن کو وزارت دفاع سے الگ کر کے الگ سیکٹر بنانے کے موقع پر تشکیل دیا گیا تھا۔ تمام ارکان نے شجاعت عظیم کے جانے کیخلاف استعفیٰ دیا۔ نیشن کو خصوصی ذرائع سے موصول ہونے والی اسلم خالق کے استعفیٰ کی کاپی میں کہا گیا ہے شجاعت عظیم کے استعفیٰ کے بعد مجھے بھی استعفیٰ کا دکھ بھرا فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ نصر این ایس جعفر نے بھی سیکرٹری پی آئی اے کو اپنے استعفیٰ میں کہا ہے کہ میری نامزدگی شجاعت عظیم نے کی تھی، اب ان کے جانے کے بعد میرے لئے بھی استعفیٰ دینا مناسب ہے۔ میاں منشاءنے بھی بیرون ملک سے فیکس کئے گئے اپنے استعفے میں یہی وجہ بیان کی۔ 

مزیدخبریں