کرک+ نوابشاہ+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ خصوصی نامہ نگار) کرک اور نوابشاہ میں ٹریفک کے دو حادثات میں 24 افراد جاں بحق 15 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ خیبر پی کے کے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر پشاور سے بنوں جانیوالی ویگن اور ٹرک کے آپس میں ٹکرانے کے باعث 17 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثہ ٹیکنیکل کالج کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ٹرک سے ٹکرانے سے ویگن کے گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گئے جس سے ویگن جل کر مکمل تباہ ہوگئی اور 17 مسافر زندہ جھلس گئے۔ مقامی صحافی ریاض نے بی بی سی کو بتایا کہ حادثے کے بعد ویگن میں آگ لگنے کے وقت ویگن کے شیشے نہ کھل سکے جس سے 3 بچوں 6 عورتوں سمیت 17 مسافر زندہ جل گئے جبکہ ویگن ڈرائیور بھی بری طرح جھلس گیا جس کی حالت نازک ہے۔ حادثے میں ٹرک بھی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا۔ ویگن میں زندہ جلنے والے بعض مسافروں کی نعشیں جھلس کر ناقابل شناخت ہو گئیں۔ دریں اثناءنواب شاہ کے قریب رینجرز پٹرول پمپ کے قریب بائی پاس پر کراچی سے بنوں جانیوالی بس نے مورو جانیوالی مسافر وین کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور معصوم بچی سمیت 7مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 15سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں نوابشاہ کے رہائشی محمد حنیف قریشی، میر پور ماتھیلو کے نواز علی شاہ، قاضی احمد کی خاتون اہل راہو، ہمت علی چانڈیو، 8 سالہ معصوم بچی صائقہ راہو سمیت دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ مسافر وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی الخدمت کی ریسکیو پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے کے زخمیوں کو پیپلز میڈیکل ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ حادثے کے بعد مسافر کوچ کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ دریں اثناءجماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کرک اور نواب شاہ میں ٹریفک کے افسوسناک حادثات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہئے۔ دریں اثناءمیانوالی روڈ لیہ پر بس اور ٹرک میں تصادم سے 3 افراد جاںبحق ہوگئے، تصادم میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ بارش اور تیز رفتاری کے باعث ہوا، بس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔
کرک : ٹرک سے تصادم‘ سلنڈر پھٹنے پر ویگن میں سوار 17 مسافر زندہ جل گئے
Jul 31, 2013