لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ صدارتی انتخاب کے بعد اب حکمران جماعتوں کو جمہوریت اور قومی سلامتی کے امور پر متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گلبرگ میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک میں توانائی کے بحران سے بے روزگاری میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیاہے۔ بے روزگاری سے بے شمار اخلاقی اور سماجی برائیاں جنم لے رہی ہیں۔ بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے اجلاس، دعوے اور میڈیا ٹاکز کافی نہیں۔ لیا قت بلوچ نے کہاکہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کو کسی ذاتی جرم کی بنا پر نہیں بلکہ متحدہ پاکستان کو دولخت ہونے سے بچانے اور پاکستان کے خلاف بھارت کے مکروہ عزائم ناکام بنانے کی کوشش کے جرائم پر سزائیں دی جارہی ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مصر میں فوجی انقلاب صرف مصری عوام کے جمہوری حق پر شب خون ہی نہیں عالم عرب میں مسلمانوں کے اسلامی جمہوری، انسانی حقوق پر ڈاکہ ہے۔