لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں، خدمت اور خون جماعت اسلامی پیش کررہی ہے، عوام اس کا صلہ دے، تحریک آزادی کشمیر کا فیصلہ کن کردار کے لئے بیس کیمپ میں جماعت اسلامی کا موثر کردار بہت ضروری ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری سوا کروڑ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق دلوانے کے لئے موثر کردار ادا کریں۔ بھارت نے خود اقوام متحدہ میں جاکر کشمیریوں سے ان کا حق دینے کا عہد کیا تھا، بھارت اس کو پورا کرے۔ جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کے لئے اس سے قبل بھی کردار ادا کیا ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق نہیں مل جاتا، اس وقت تک جماعت اسلامی کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال سے سراج الحق کو آگاہ کیا اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان سید علی شاہ گیلانی کے تحفظات فوری طور پر دور کرے۔
رشید ترابی کی ملاقات، بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے: سراج الحق
Jul 31, 2015