لاہور+ گوجرانوالہ+ فیصل آباد+ عارف والا (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد کی متعدد تاجر تنظیموں اور اپٹپما نے بھی ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسینگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) نے بھی ود ہولڈنگ ٹیکس (WHT)، گیس انفراسٹرکچر GIDC اور دیگر ٹیکسز کے خلاف 5 اگست اور 7اگست کو مکمل ہڑتال کا علان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اپٹپما کے وائس چیئرمین خواجہ شہزاد ناصر، شیخ محمد ایوب (فارمر چیئرمین اپٹما)، شیخ محمد انور (فارمر ریجنل چیئرمین)، شیخ محمد سعید (گوجرنوالہ) اور دیگر عہدیداران نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے کیا۔ انہوں نے کہا ود ہولڈنگ ٹیکس 0.3% ظالمانہ ہے ملکی معیشت پر مزید برے اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کو چاہئے وہ بزنس کمیونٹی اور صنعتکار وں کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دے نا کہ ان کے مسائل میں اضافہ کرے اگر حالات یونہی رہے تو انڈسٹری مکمل تباہ و برباد ہو جائے گی۔ جیل روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے بینکوں سے لین دین پر عائد 0.3 فیصد ٹیکس کے خلاف یکم اگست (ہفتے) کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جیل روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کی صدارت چیئرمین انور بھٹی نے کی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ظفر اقبال گورایہ، حاجی سجاد احمد، محمد رضوان گورایہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا اگر حکومت نے یہ ظالمانہ ٹیکس واپس نہ لیا تو جیل رڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن ہڑتال کرتی رہے گی۔ علاوہ ازیں مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداران نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے انجمن تاجران پاکستان کی جانب سے شٹر ڈائون کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے یکم اگست کو ضلع بھر کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں میں شٹر ڈائون کا اعلان کردیا اس حوالے سے مرکزی صدر عبدالرئوف مغل کا کہنا تھا ضلع کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں کے صدور، جنرل سیکرٹریز کے ساتھ مشاورت کے بعد یکم اگست کو تمام بازار اور مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عائد کیا جانیوالا ود ہولڈنگ ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے۔ جماعت اسلامی فیصل آباد نے تاجر برادری سے اظہار یکجہتی کرتے یکم اگست کو ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ تاجر راہنمائوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میںجماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری غلام عباس خان سے ملاقات کی۔ سردار ظفر حسین نے انہیں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتے کہا جماعت اسلامی پاکستان کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ ہے۔ جے یو آئی نے بھی ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر تنظیموں کی یکم اگست اور 5 اگست کی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا نے کیا۔ فیصل آباد گڈز کئیرزایسوسی ایشن کی جانب سے یکم اگست کوتا جر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین چودھری شفاعت پرویز نے اجلا س کی صدارت کرتے کیا۔ فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر چودھری محمد شفیق انجم، سینئر نائب صدرملک محمد اشرف، نائب صدر ضیاء اللہ خان اور میاں ظفر اقبال نے ایگزیکٹوکمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے کہا فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے تمام ممبران ہڑتالوںکی حمایت میں اپنے شٹرڈاؤن رکھیں گے۔ عارفوالا میں انجمن تاجران کا اجلاس زیر صدارت مرکزی صدر الحاج صوفی محمد رشید ہوا۔
ود ہولڈنگ ٹیکس‘ لاہور‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد کے تاجروں اور اپٹپما نے ہڑتال کی حمایت کردی
Jul 31, 2015