لاہور (نامہ نگار) قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں منشیات فروشوں نے چھاپہ مارنے کے لیے آنے والی پولیس ٹیم پر کتے چھوڑ دیئے۔ پولیس تین منشیات فروشوں کے ساتھ ساتھ دو کتوں کو بھی پکڑ کر تھانے لے آئی۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس کو اطلاع ملی کہ وکٹوریہ پارک میں منشیات فروش نیامت اور نبیل شراب فروی کا دھندہ کر رہے ہیں۔ پولیس نے چھاپہ مارا تو منشیات فروشوں نے پالتو کتے چھوڑ دیے۔ کتوں سے بچنے کے لیے پولیس اہلکاروں نے دوڑیں لگا دیں۔ بعد ازاں اہلکاروں نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کتوں کو پکڑ لیا اور نیامت اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر کے شراب کی درجنوں بوتلیں برآمد کر لیں۔ پولیس نے زیرحراست کتوں کو تھانے کے مین گیٹ پر باندھ دیا جو تھانے میں آنے والے سائلین اور پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر بھونکتے رہے۔ کتوں کے بھونکنے سے سائلین افراد خوفزدہ ہو گئے۔ بعد ازاں کتوں کو ویٹرنری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔