اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) معتبر ذرائع کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پر کرپشن کے الزامات پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز برہم ہے۔ چیئرمین کمیٹی شبلی فراز سے وضاحت کیلئے خط لکھ دیا۔ خط میں وزیر قومی صحت سائرہ فضل تارڑ نے چیئرمین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس سے کہا ہے کہ وزارت صحت کا موقف سنے بغیر الزامات لگائے گئے ہیں جو درست اقدام نہیں ہے۔ اجلاس کی کارروائی میں غلط معلومات پیش کی گئیں جو حقائق کے برعکس ہے۔ ڈریپ کے اندر شفافیت اور گڈ گورننس لانے کے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی گئی ہیں۔ پاکستان فارما سوٹیکل مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن نے اپنے تعریفی اشتہار میں کیا تھا اس کے علاوہ حال ہی میں جاری کردہ ایک خط (PPMA) نے ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ اشتہار کے مطابق ڈریپ میں شفافیت جبکہ وزارت قومی صحت میں مخلص اور ایماندار محب وطن قیادت موجود ہے۔ (PPMA) نے ایک پریس ریلیز اور خط کے زریعے اپنے نمائندے سے منسوب بیان کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ہم نے کبھی ڈریپ کو کرپٹ ادارہ قرار نہیں دیا۔ ڈرگ رجسٹریشن میں التوا کا خاتمہ کیا گیا ہے اور تمام کیسز کو نمٹایا جا رہا ہے۔ شفافیت درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے رجسٹریشن بورڈ کی کارروائی کی تفصیلات ڈریپ کی ویب سائٹ پر ڈال دی گئی ہے جن کی ادویات کی ایمرجنسی بنیادوں پر ضرورت ہے ان کی رجسٹریشن ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزارت قومی صحت کے نمائندے کو حقائق پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔
وزارت برہم