7 اگست کو پشاور سے راولپنڈی تک ریلی کا اعلان، وزیراعظم کو قانون کی تابعداری پر مجبور کر دینگے: عمران خان

Jul 31, 2016 | 19:40

ویب ڈیسک

 تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 7اگست سے ایک نئی تاریخ کا آغاز ہوگا،کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے، ترکی میں عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی، قوم کی امیدوں کا واحد مرکز تحریک انصاف ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماﺅں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شیریں مزاری، جہانگیر ترین، اسد عمر، عارف علوی، سیدقیصر سمیت دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی، اجلاس میں 7اگست سے وزیراعظم کے احتساب کیلئے شروع کی جانے والی تحریک پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان اس وقت تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ اب ہمیں کرپٹ اشرافیہ یا مستحکم جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کر عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی۔ عمران خان نے کہا اب قوم کی امیدوں کا واحد محور تحریک انصاف ہے۔7اگست سے حکومت کے خلاف ایک نئی تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کو قانون کی تابعداری پر مجبور کر دیں گے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی گئی۔ کشمیریوں نے آزادی کیلئے بہت قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ 7اگست سے پانامہ لیکس کے خلاف شروع ہونے والے مارچ پر بھی مشاورت کی گئی ہے، ہم نے اس کیلئے عدالتی دروازہ بھی کھٹکھٹایا لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اب 6 اگست کو ٹی اوآرز کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں تحریک انصاف شرکت کرے گی اس کے بعد حکومتی رویہ دیکھ کر 7اگست سے ہر ہفتے احتجاج کریں گے اور ہمارا یہ احتجاج 13اور14 اگست کو بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا مشاورت سے پارٹی انتخابات کو موخر کیا گیا۔ سندھ اور خیبر پی کے کیلئے نئے تنظیمی عہدیداروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اگلے ہفتے پانامہ لیکس کیخلاف مارچ پشاور سے شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 7 اگست کو پشاور سے راولپنڈی تک ریلی نکالی جائیگی جس کی قیادت عمران خان کرینگے۔

مزیدخبریں