اے مادر ملت
اے مادر ملت
تشکیل وطن میں وہ ترا جذبہ خدمت
جذبے کا وہ اخلاص ،عمل کی و ہ صداقت
ہے نقش دلوں پر ترے کردار کی عظمت
اے مادر ملت
اے مادرملت
تو قائداعظم کی طرح قوم کی محسن
تاریخ میں محفوظ ہیں وہ گزرے ہوئے دن
جب ایک بہن دل سے تھی بھائی کی معاون
دیتی تھی انہیں حوصلہ تیری رفاقت
اے مادر ملت
اے مادرملت
ہیں طبقہ نسواں پہ بھی کیا کیا ترے احساں
ہر کام میں بہبود کا پہلو ہے نمایاں
تحریک میں عورت کے بھی جو ہر ہیں درخشاں
وہ بھی رہی سرگرم تری زیر ہدایت
اے مادر ملت
اے مادر ملت
صدیوں کی غلامی سے جو آزاد ہوئے ہم
غیرت سے جو لکھی ہوئی روداد ہوئے ہم
اک خطہ عزت میں جو آباد ہوئے ہم
اس میں ترے بے لوث عمل کی بھی ہے برکت
اے مادر ملت اے مادر ملت
پروفیسر ڈاکٹر عاصی کرنالی