لاہور/ راولپنڈی/ کوئٹہ/ پیرکوہ (نامہ نگار + آن لائن + نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں رات گئے سرچ آپریشن کے دوران 22 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے مغلپورہ، مناواں، ہنجروال، ہربنس پورہ، راوی روڈ، وحدت روڈ، مسلم ٹاؤن و دیگر مقامات پر سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے گیسٹ ہائوسز، فیکٹریوں، ہوٹلز، سرائے پر بھی چیکنگ کی اور شہریوں کے بائیو میٹرک مشینوں سے کوائف چیک کئے۔ پولیس نے حساس مقامات پر واقع گرجا گھروں، امام بارگاہوں، درباروں اور مساجد پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ لگا دیا گیا ہے۔ ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 شرپسند ہلاک ہوگئے۔ پیر سبری اور پیر کوہ میں فرنٹیر کور اور حساس ادارے نے کارروائی کرکے بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کرلیا۔ اس میں 32 کلو گرام بارودی مواد، 2 ریموٹ کنٹرول بم، میزائل فیوز اور ڈیٹونیٹر شامل ہیں۔ ملک بھر میںجاری آپریشن ردالفساد کے تحت پولیس اور ایف سی نے بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران 11مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں کامیابی سے جاری آپریشن ردالفساد کے تحت کوئٹہ کے علاقوں کلی دیبا قلعہ عبداللہ اور کلی سگی میں 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور 192 ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے قلعہ عبداللہ سے گرفتار ایک دہشتگرد انتہائی مطلوب تھا جسے تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔