لاڑکانہ (این این آئی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان پیپلزپارٹی احتساب پر یقین رکھتی ہے۔ نوازشریف کے خلاف فیصلے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں۔ حکومت سندھ صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تینوں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو چیلنج کرتا ہوں ایسا ادارہ اپنے صوبوں کا بنا کر دکھائیں۔ اتوار کو لاڑکانہ میں این آئی سی وی ڈی سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا لاڑکانہ کی عوام نے پی پی پی کیلئے لاتعداد قربانیاں دیں‘ ہمیں بھرپور عزت دی جن کا ہم پر قرض ہے۔ ذوالفقارعلی بھٹو نے 1973ء میں چانڈکا میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی اس وقت یہ سہولیات صرف ملک کے بڑے بڑے شہروں میں موجود ہیں۔ پی پی پی حکومت ان کے مشن کو آگے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ صحت کی بنیادی سہولیات صوبے کے کونے کونے میں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت بہتر نتائج دے رہی ہے اور ان پر اعتماد کے باعث ایسے ادارے بن رہے ہیں۔ شہید محترمہ نے اپنے دور اقتدار میں لیڈی ہلتھ ورکرز بھرتی کرکے صوبے کے گھر گھر تک صحت کی سہولیات فراہم کی تھیں۔ انہوں نے کہا این آئی سی وی ڈی ایک اچھا ادارہ ہے جو بہتر کام کرتا ہے جو قریبی اضلاع کے لوگوں کو بھی سہولیات مفت فراہم کرے گا۔ نئی عمارت کی تعمیر کے ساتھ کارڈیالوجی سرجری بھی شروع کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا 18 ویں ترمیم کے بعد 2011ء میں این آئی سی سی وی ڈی وفاق سے صوبے کے حوالے ہونے کے بعد رواں سال ہم نے اس کا بجٹ چار ارب روپے بڑھا کے 5.8 ارب روپے کر دیا ہے۔ کراچی کے بعد رواں سال لاڑکانہ‘ سکھر‘ ٹنڈو محمد خان اور سکھر میں یہی سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ اگلے سال میرپور خاض‘ خیرپور اور نوابشاہ میں یہ مراکز قائم ہونگے۔ سندھ میں پی پی پی 1970ء سے عوام کی حمایت یافتہ ہے۔ ہم آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی سرپرستی میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ دیگر سیاستدان صرف باتیں اور ہم کام کرتے ہیں جس کی مثال ایسے اداروں کا قیام ہے۔
نواز شریف کیخلاف فیصلے سے جمہوریت پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں :بلاول
Jul 31, 2017