لاہور+ شیخوپورہ+ بصیرپور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ شیخوپورہ میں متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ بھی جاری۔ دوسری طرف لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز بارش اور کہیں ہلکی پھلکی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں جن میں گلبرگ، لبرٹی روڈ،کالج روڈ، ماڈل ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا‘ شہریوں نے تفریح کا دن خوشگوار گزارا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، فاٹا، میرپورخاص ڈویژن اورکشمیر میں کہیں کہیں کوئٹہ، قلات ڈویژن اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی جبکہ اگلے 24 گھنٹے کے دوران کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن، فاٹا اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ تاہم مالاکنڈ، پشاور، مردان، کوہاٹ، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ شیخوپورہ میں اتوار کے روز شہر میں معمولی بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا‘ بارش کے باعث متعدد فیڈرز بند ہوگئے‘ شہر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر اپنے عروج پر پہنچ چکا‘ رہی سہی کسر محکمہ سوئی گیس نے نکال دی ہے۔ انہوں نے رات 9 بجے سے لیکر صبح 6 بجے تک گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی جس کیخلاف کسی رکن اسمبلی نے آواز بلند نہیں کی‘ عوام نے گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف متعدد بار احتجاج بھی کیا مگر ضلع حکومت اور محکمہ سوئی گیس کی بے حسی سے لوگ گیس کی لوڈشیڈنگ سے شدید پریشان ہیں رات کو کھانا بازار سے اور صبح کا ناشتہ بازار سے منگوایا جا رہا ہے‘ شہریوں نے اعلان کیا کہ اگر گیس کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو مقامی گیس آفس کا گھیرائو کرنے کے ساتھ ساتھ عدلیہ سے بھی رجوع کیا جائیگا‘ شہریوں کے مطابق محکمہ سوئی گیس نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ کی‘ صنعتوں اور سی این جی سیکٹرز کو 24 گھنٹے گیس سپلائی کی جا رہی ہے۔ انجمن تاجران غلہ منڈی بصیرپور کے منتخب صدر سید پرویز ناصر شاہ، نائب صدر شیخ محمد احمد، میاں محمد ادریس کلاسن، ملک غلام مصطفٰے، ڈاکٹر احتشام الریاض خواجہ، چودھری مظہرالحق، میاں عامر حیات خاں وٹو، غلام مرتضیٰ، ملک ظہور احمد ثاقب، شوکت علی عظیم، ملک محمد آصف، محمد عمران بھٹی، ڈاکٹر خالد انمول و دیگرسماجی شخصیات اور تاجروں نے کہا کہ کئی روز سے رات 8 بجے ہی سوئی گیس بندکر دی جاتی ہے جو صبح بحال ہوتی ہے جس پر صارفین سراپا احتجاج ہیں۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ شیخوپورہ‘ متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے
Jul 31, 2017