حسن ابدال/کرک/لاہور(نامہ نگاران+ اے این این +خبرنگار) اٹک کی تحصیل حسن ابدال میں جی ٹی روڈ پرمسافروین اورٹرک میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 13افراد زندہ جل کر جاں بحق جبکہ7 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح حسن ابدال میں جی ٹی روڈ پرکیڈٹ کالج کے قریب راولپنڈی سے پشاورجانے والی مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوگیا، تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں وین میں سوار10 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہسپتال ٹیکسال منتقل کیا گیا جہاں مزید 3 افراد جان کی بازی ہارگئے اور ہلاکتوں کی تعداد13ہو گئی جبکہ مزید 7افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین راولپنڈی سے پشاور آرہی تھی کہ اٹک کے قریب حسن ابدال روڈ پر ایبٹ آباد چوک کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔مذکورہ ہائی ایس وین، ٹرک سے تصادم کے بعد قریب نصب گیس کی مین پائپ لائن سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وین اور گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں میں تصادم کے بعد آگ لگی، جس کے بعد قریب موجود گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد کسی مسافر کو اترنے کا موقع نہ مل سکا تاہم فوری اطلاع ملنے پرفائربریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پرپہنچ گیا جس سے آگ پرقابو پالیا۔ دو ڈی پی او عبد الرشید نے جائے حادثے کے قریبی علاقے کو مزید کسی حادثے سے بچنے کیلیے خالی کرا لیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گیس پائپ لائن کے باعث مسافر وین آگ کی لپیٹ میں آئی جس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں،بعض افراد کی لاشیں جھلس کر ناقابل شناخت ہو گئی ہیں ۔وزیر اعلی پنجاب نے حسن ابدال ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے ۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں یہ ہلاکتیں 210 سے تجاوز کرگئیں تھیں۔ادھر خیبر پی کے ضلع کرک میں مدرسے کی بوسیدہ چھت گرنے سے 4طلبہ جاں بحق،12زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع کرک کے علاقے صابرآباد میں مدرسے کی چھت گرگئی، پولیس کے مطابق صابر آبا د میں واقع مدرسے کی بوسیدہ چھت بارش کے باعث گرگئی۔ حادثے کے وقت مدرسے میں اساتذہ اور طالب علم درس و تدریس میں مصروف تھے۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ مدرسے کی چھت کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا جس وقت طلبا مدرسے میں موجود تھے ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے طلبا کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ۔
حسن ابدال :مسافروین اور ٹرک میں تصادم آگ لگنے سے 13 افراد زندہ جل گئے
Jul 31, 2017