کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ انتخابات میں پیدا ہونے والے شکوک و شبہا ت کا تدارک نہ کیا گیا تو لولی لنگڑی جمہوریت مکمل معذور ہوجائے گی۔ پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرنے والے دور حاضر کے عظیم رہنما میاں محمد نواز شریف تاقیامت پاکستانی قوم کے دلوں پر راج کریں گے۔قوم کی مرضی کے خلاف مسلط کئے گئے فیصلوں کا انجام بہت قریب ہے ۔ الیکشن کمیشن کا کمزور کردار اور انتخابات میں جھرلو کے واقعات ٹیسٹ ٹیوب حکمرانوں کے لئے ڈراونا خواب ثابت ہوگے۔ ملک کے کونے کونے سے الیکشن کے منصفانہ اور شفاف ہونے کے بارے میں سوال اٹھ رہے ہیں گنتی کے عمل کی بے قاعدگیوں نے بھی الیکشن کمیشن اور لاڈلی سیاسی جماعت کے گٹھ جوڑ کا پول کھول دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی طاقت سے دھونس اور دھاندلی کے انتخابات کا پردہ چاک کر ے گی اور بہت جلد قوم کو حقیقی نمائندوں کے انتخاب کا منصفانہ موقع ملے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوارا صوبائی اسمبلی حلقہ PS-103 علی عاشق گجر نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان کی تاریخ کی بد ترین بد انتظامی کے سائے میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کو بائیس کروڑ پاکستانیوں کے ووٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف ووٹ کی عزت کے لئے جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پاکستانی قوم کے ووٹ کا احترام یقینی نہیں بن جاتا۔ پاکستان کو جمہوری عمل سے دو رکھنے کے نتائج ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ عوام کی مقبول قیادت کو جمہوری عمل سے باہر رکھنے کے نتائج اور کسی طور پاکستان کے لئے اچھے ثابت نہیں ہونگے۔
جھرلو الیکشن ٹیسٹ ٹیوب حکمرانوں کیلئے ڈرائونا خواب ثابت ہوگا:علی اکبر گجر
Jul 31, 2018