انقرہ(اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ چین نے نیوکلئیر پاور پلانٹ کے لئے مثبت تاثر دیا اور چوتھے نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر بھی اس ملک کے ساتھ شروع کر سکتے ہیں۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق صدرطیب اردگان نے جنوبی افریقہ میں برکس سربراہی اجلاس میں چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ جامع مذاکرات کئے۔ترک ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی طرف سے ان مذاکرات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے صدرنے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے چین اور ترکی کے درمیان جوہری توانائی کے موضوع پر بات چیت کی۔ جوہری توانائی کے شعبے میں ہم نے روس کے ساتھ مل کر پہلا قدم اٹھایا اور وہ کام اس وقت جاری ہے۔ وہ 20 سے 22 ارب ڈالر کی سنجیدہ سطح کی سرمایہ کاری ہے۔دوسرے پاور پلانٹ کا سمجھوتہ ہم نے جاپان کے ساتھ کیا۔صدر اردگان نے کہا کہ تیسرا جوہری پاور پلانٹ ہم چین کے ساتھ مل کر بنانا چاہتے ہیں۔ اس موضوع پر چین کی طرف سے ہمیں مثبت تاثر ملا ہے۔ اسے بھی ہم شروع کریں گے۔ اس معاملے میں ہم ایک اہم نقطے پر پہنچ گئے ہیں۔ چوتھا جوہری پاور پلانٹ بھی ہم چین کے ساتھ مل کر بنانا چاہتے ہیں۔
ترک صدر کاچین کے تعاون سے چوتھا نیو کلئیر پاو ر پلانٹ تعمیرکرنے کی خواہش کا اظہار
Jul 31, 2018