لاہور ،کراچی(کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک کی طرف سے اندرون ملک کیش کی صورت میں ڈالر کی نقل و حمل پر پابندی کے بعد مارکیٹ سے خریدار غائب ہو گئے اور ڈالر مزید 3 روپے سستا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 122 روپے کا بکنے لگا۔ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 3 سے 4 روپے تک کی کمی دیکھی گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 122 روپے 50 پیسے کا بھی فروخت ہوا تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 2 روپے 82 پیسے کی کمی سے 125 روپے 4 پیسے رہی جبکہ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 124 سے کم ہو کر 2 روپے کی کمی سے 122 روپے رہ گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سٹیٹ بنک کی پابندی کے باعث مارکیٹ میں ڈالر کی دستیابی تو بڑھ گئی لیکن خریدار موجود نہیں ۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 95 فیصد سے زیادہ ڈالر بیچنے والے جبکہ 5 فیصد سے بھی کم خریدار ہیں۔ذرائع کے مطابق ملک میں سیاسی بے یقینی کے خاتمے چین کی طرف سے سستے ریٹ پر دو ارب ڈالر کے نئے قرضے اور اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک کی طرف سے تیل کی خریداری کیلئے فنانسنگ کی منظوری کی خبروں کے باعث بھی ڈالر کی بے قدری ہو رہی ہے۔سٹیٹ بینک کے اقدامات کے بعد سے 5 کاروباری روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 9 روپے کم ہو چکی ہے۔دوسری طرف ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی سے سونے کی قیمت میں بھی مسلسل کمی کا سلسلہ بھی جاری۔ فی تولہ قیمت مزید 1850 روپے کم ہوگئی۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 1850 روپے کی کمی سے 54500 روپے ہو گئی ۔تین روز کے دوران پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4700 روپے کی کمی ہو چکی ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں سونا سستا ہو رہا ہے۔دوسری طرف پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق اگر ملک میں ڈالر کی قیمت میں کمی اسی طرح بتدریج ہوتی رہی تو یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے تک کمی کا امکان ہوسکتا ہے اور اگر خام تیل کی قیمت اور انٹربنک میں ڈالر موجودہ سطح پر بھی برقرار رہا تو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے تک کمی متوقع ہے۔
ڈالر/ سونا
کراچی (کامرس ڈیسک)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکوزبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 42800 کی نفیسیاتی حد بحال ہو گئی۔سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب69 ارب98 روپے سے زائد کا اضافہ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 1.96 فیصد کم جبکہ74 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاو¿سز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے بینکنگ ، توانائی،کیمیکل،سیمنٹ اور دیگر سیکٹر میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر پی ایس ای 100 انڈیکس43604پوائنٹس کی بلند سطح پربھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباو¿ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا۔تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر پی ایس ای 100 انڈیکس697.29پوائنٹس اضافے سے 42786.54پوائنٹس پر بند ہوا۔ماہرین کے مطابق عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد ملک کی معاشی حالت میں بہتری نظری آرہی ہے ۔ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے اور نچلی سطح پر آئے ہوئے شیئرز کی قیمتوں میں سرمایہ کاروں کی خریداری کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی نظر آرہی ہے اور آئندہ دنوں میں بھی یہ تیزی برقرا ررہنے کا امکان ہے ۔مجموعی طور پر400کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے296کمپنیوں کے حصص کے بھاو¿ میں اضافہ،91کمپنیوں کے حصص کے بھاو¿ میں کمی جبکہ13کمپنیوں کے حصص کے بھاو¿ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب69 ارب98 کروڑ88لاکھ76ہزار279روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر88کھرب60 ارب53 کروڑ81 لاکھ33ہزار640 روپے ہوگئی ۔پیرکو مجموعی طور پر17کروڑ79لاکھ33ہزار440 شیئرزکاکاروبارہوا،جوجمعہ کی نسبت57لاکھ60 ہزار510 شیئرز کم ہے ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاو¿ کے حساب سے نیسلے پاکستان کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت496.82روپے اضافے سے10990.00روپے اورکولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت144.50روپے اضافے سے3034.50روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی واتھ پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی،جس کے حصص کی قیمت48.79روپے کمی سے1370.80 روپے اورآرکومافارماکے حصص کی قیمت16.74روپے کمی سے498.26پر بند ہوئی ۔پیر کوورلڈکال ٹیلی کام کی سرگرمیاں 3کروڑ51لاکھ38ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرز کی قیمت3پیسے اضافے سے2.11 روپے اورپاک انٹرنیشنل بلک کی سرگرمیاں 1کروڑ96لاکھ13ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرز کی قیمت51پیسے اضافے سے12.49روپے ہو گئی۔پیرکو کے ایس ای 30 انڈیکس392.93پوائنٹس اضافے سے21728.88پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1556.03پوائنٹس اضافے سے73728.09پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس590.79پوائنٹس اضافے سے31304.20پوائنٹس پر بند ہوا ۔
سٹاک ایکسچینج