پی سی آر ڈبلیو آر نے پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی کمی کی وجہ سے ملک بھر میں بوتلوں میں بند پانی کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل، حکومتِ پاکستان ، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایت پر بوتلوں میں بند پانی کی کوالٹی کی مانیٹرنگ ایجنسی کو طور پر کام کر رہی ہے۔ ہر سہ ماہی کے اختتام پر پینے کے بوتل بند پانی کے مختلف برانڈزکی تجزیاتی رپورٹ پی سی آر ڈبلیو آر کی ویب سائٹ پر اور میڈیا میں شائع کر دی جاتی ہے ۔اپریل تا جون2018 کی سہ ماہی میں اسلام آباد ،راولپنڈی، پشاور، لاہور ، بہاولپور، ٹنڈوجام، کوئٹہ اور کراچی سے بوتل بند/ منرل پانی کے 85 برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے۔ ان نمونوں کا پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے تجویز کردہ معیار کے مطابق تجزیہ کیا گیا۔ اس تجزیے کے مطابق05 برانڈز (گورمے، ایکوا سپر لائف، شیراز،ایکوا سپلیش اور مرینا ) برانڈز کے نمونے جراثیمی طور پر آلودہ پائے گئے۔ جس کی وجہ سے ہیضہ، ڈائریا، پیچش، ٹائفائیڈ اور یرقان کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ تفصیلی رپورٹ کونسل کی ویب سائٹ www.pcrwr.gov.pkپر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن