اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ بی بی سی) پےپلز پارٹی کے رہنما سےد خورشید شاہ نے عام انتخابات 2018ءکے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے عمران خان کو جتوانے کیلئے 35 سے زائد حلقوں میں جھرلو پھیرا گیا، الیکشن نتائج دیکھ کر لگتا ہے عمران خان کی ارینج میرج ہوئی، الیکشن کا پوسٹ مارٹم کرنا ہے تو صرف چند حلقے کھول لیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان کو جتوانے کیلئے ایک نہیں بلکہ فل پنکچر لگائے گئے، یہ پنکچر عمران خان کے تمام حلقوں میں بھی لگائے گئے۔ انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی، رسول بخش چانڈیو، فیصل صالح حیات، اعجاز جاکھرانی اور سعد رفیق کے حلقوں میں پنکچر لگائے گئے۔ بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا لاڈلے (عمران خان) کو جتوانے کیلئے مختلف حلقے ون پنکچر ہی نہیں کئے بلکہ پورے ٹائر ہی پھاڑے گئے ہیں۔ صرف ان ہی حلقوں کو کھلوا لیں جہاں سے عمران جیتے ہیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے پی پی فیصل آباد ڈویژن کے صدر حسن مرتضیٰ نے ملاقات کی اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا پنجاب میں عوام سے رابطے کا سفر جاری رہے گا۔ پنجاب کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جلد دوبارہ شہر شہر جاﺅں گا، انتخابات کے نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں، نئی حکمت عملی بنائیں گے، پنجاب اسمبلی میں پارٹی کے کردار سے متعلق مشاورت کے ساتھ فیصلے ہوں گے ہمیں پنجاب سمیت ملک بھر میں آئندہ الیکشن کی تیاری بھی کرنی ہو گی صدر پی پی فیصل آباد احسن مرتضیٰ نے کہا پنجاب آج بھی بھٹو کا ہے عوام آپ کے منتظر ہیں۔ آن لائن کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس آج منگل کو طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ارکان سے قومی اور پنجاب اسمبلی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی اور حکمت عملی طے کی جائے گی۔
بلاول بھٹو
عمران کو جتوانے کیلئے پنکچر نہیں ٹائر پھاڑے گئے : خورشید شاہ‘ پنجاب کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے : بلاول بھٹو
Jul 31, 2018