نگران حکومت نے عملی کارکردگی سے غیرجانبداری کو ثابت کیا: حسن عسکری

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے آج وزیراعلیٰ آفس میں لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے ملاقات کی۔ لاہور پریس کلب کے صدر نے شفاف، غیر جانبداراور پرامن الیکشن کرانے پر حسن عسکری کو مبارکباد دی۔ صدر لاہور پریس کلب نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے منصفانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے اورنگران حکومت کی پوری ٹیم نے غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنایاہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پرامن ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کا بر وقت انعقاد ایک چیلنج تھا جسے پیشہ وارانہ ٹیم کے ساتھ ملکرپورا کیا ہے اور نگران حکومت کی پوری ٹیم نے جانفشانی اور عزم کیساتھ قومی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوںنے کہا کہ میڈیا نے انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پراچھا کرداراداکیا اورعوام کوحقائق سے بروقت آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ فراہم کی گئی۔ انتخابی عمل اورپولنگ ڈے کے دوران پاک فوج، رینجرز ،پولیس، انتظامیہ اور دیگراداروںکی کارکردگی قابل ستائش رہی اور موثر اقدامات کے باعث صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔ نگران حکومت نے عملی کارکردگی سے غیر جانبداری کو ثابت کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کا ہر شعبے میں کرداربہت اہمیت اختیار کرچکا ہے اور عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے جبکہ میڈیا سے سرکاری امورکی انجام دہی میںبہت مدد ملتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ کی سہ ماہی قسط کی ادائیگی کیلئے جلد اقدامات کیے جائیںگے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے کے مطالبے پر ہمدردانہ غورکیاجائیگا اور اس ضمن میں سفارشات منتخب حکومت کیلئے چھوڑ کرجائینگے۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر نگران وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن