راجھستان میں ٹریکٹر مقابلے کے دوران ٹین کا شیڈ منہدم،300افراد زخمی

گنگا نگر(این این آئی)راجستھان کے شری گنگا نگر میں بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب پدماپور کی دھان منڈی میں ہونیوالے ٹریکٹر مقابلہ دیکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد ٹین کے شیڈ پر جمع ہوگئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقابلہ کے دوران اچانک ٹین کی چھت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 300سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور امداد وراحت رسانی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لوگوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچانے کی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ 50سے زائد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔اطلاع کے مطابق پدما پور میں ٹریکٹر کا مقابلہ دیکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے اس دوران اچانک ٹین کا شیڈ گرنے سے بھگدڑ مچ گئی ۔ اس مقابلے میں 2ٹریکٹر کے درمیان ٹوچن(ہْک) ڈالا جاتا ہے اس کے بعد دونوں ٹریکٹر مختلف سمت میں ایک دوسرے کو کھینچتے ہیں ، ایک متعینہ فاصلے تک ایک دوسرے کو کھینچ کر لے جانے والا ٹریکٹر کامیاب ماناجاتا ہے۔ اس مقابلے میں ہزاروں روپے کے انعامات دیئے جاتے ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے چھان بین شروع کردی۔

ای پیپر دی نیشن