قومی ہاکی کھلاڑیوں کا ایشین گیمز میں شرکت سے انکار

Jul 31, 2018

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پر ایشین گیمز کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی۔ پاکستان ہاکی ٹیم تاریخ کے مشکل ترین حالات سے گزر رہی ہے۔ چار ورلڈ کپ اور تین اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ملک پاکستان کی موجودہ ہاکی ٹیم نے ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پر ایشین گیمز کے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔ قومی پلیئرز نے ٹرائلز کے بعد گراؤنڈ میں ہی اکھٹے ہوکر فیصلہ کیا کہ جب تک فی کس 8 لاکھ روپے ادا نہیں کیے جاتے، جکارتہ نہیں جائیں گے۔ کھلاڑیوں کے مطابق گیمز کی تیاری کرتے رہیں گے، مگر پیسے لیے بغیر ایشین گیمز نہیں کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ ہاکی فیڈریشن تاحال قومی پلیئرز کو ٹریننگ کیمپ کی ڈیلی اجرت نہ ادا کرسکی۔ ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے ڈیلی الاونس بھی ادا نہیں کر سکی ہے۔ وفاقی حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کی گرانٹ روک رکھی ہے کیونکہ چیمپئنزٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر میڈیا پر تنقید دیکھ کر وفاق نے ہاکی ٹیم کی گرانٹ بند کردی جسے تاحال نہیں کھولا گیا۔ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ جب تک ڈیلی الاونس نہیں ملے گا شرکت نہیں کریں گے، ہم بغاوت نہیں کررہے اپنا حق مانگ رہے ہیں‘انہوں نے 8اگست کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر مقررہ دن تک واجبات ادا نہ ہوئے تو کھلاڑی اپنے گھروں کو چلے جائیں گے ‘کیمپ میں شریک نہیں ہونگے اور بائیکاٹ کردیں گے۔ انہو ں نے ایشین گیمز کے نتائج کی ذمہ داری بھی قبول کرنے سے انکار کردیا ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن لارا لپہ لگا رہی ہے جس ے گزارا نہیں ہوسکتا۔عمران بٹ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیاتاہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ ہالینڈ میں لگا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کھلاڑیوں سے وعدہ کیا ہے کہ ان کے ڈیلی الاونس ادا کیے جائیں گے چاہے اس کے لیے مجھے اپنا مکان، زمین یا کوئی چیز ہی کیوں نہ بیچنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ دل لگا کر ایشین گیمز کی تیاری کریں ان کا ایک ایک پیسہ ادا کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان سے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس اور مستقبل کے ایونٹس کی تیاری کے 2 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی درخواست کر رکھی ہے امید ہے کہ اگلے چند روز میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے خصوصی گرانٹ جاری ہو جائے گی۔ یہ سچ ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے ڈیلی الاونس کا مطالبات کیے جا رہے ہیں تاہم ہماری پوری کوشش ہوگی کہ کھلاڑی بائیکاٹ نہ کریں۔

مزیدخبریں